علم وعمل کے نیر تاباں کی رحلت

*علم وعمل کے نیر تاباں کی رحلت

 *وفات حضرت الاستاذ مولانا عبد الخالق صاحب سنبھلی رحمہ اللہ* 

 *_بقلم: عبید اللہ شمیم قاسمی_* 

آج ٣٠/جولائی ٢٠٢١ء بروز جمعہ اچانک يہ خبر صاعقہ بن كر گرى كہ استاذ الاساتذه، دارالعلوم دیوبند كے مقبول ترین استاذ اور نائب مہتمم حضرت مولانا عبد الخالق صاحب سنبھلی (رحمہ اللہ) طويل علالت كے بعد اس عالم فانى سے عالم جاودانى كو كوچ كرگئے، انا لله وانا اليه راجعون

يہ دنيا چند روزه ہے، اس كى كوئى بھى چيز باقى رہنے والى نہيں ہے جو بھى يہاں آيا ہے اسے ايک دن كوچ كرنا ہے، ارشاد بارى تعالى هے: {كُلُّ نَفْسٍ ذَائِقَةُ الْمَوْتِ ثُمَّ إِلَيْنَا تُرْجَعُونَ} [العنكبوت: ٥٧]۔

انسان كا جب وقت پورا ہوجاتا ہے تو لاكھ كوششوں كے باوجود آنے والے وقت كو ٹالا نہيں جاسكتا، فرمان خداوندى ہے: {إِنَّ أَجَلَ اللَّهِ إِذَا جَاءَ لَا يُؤَخَّرُ لَوْ كُنْتُمْ تَعْلَمُونَ} [نوح: ٤]، اسى طرح دوسرى جگہ ارشاد ہے: {وَلِكُلِّ أُمَّةٍ أَجَلٌ فَإِذَا جَاءَ أَجَلُهُمْ لَا يَسْتَأْخِرُونَ سَاعَةً وَلَا يَسْتَقْدِمُونَ} [الأعراف: ٣٤].
كسى شاعر نے كہا ہے:
 *آج وه كل ہمارى بارى ہے* 
 *موت سے كس كو رست گارى ہے* 

موت زندوں اور مردوں كے درميان ديوار حائل كرديتى ہے، جانے ولا اپنا وقت مقرره پورا كركے چلا جاتا ہے مگر جو لوگ ره جاتے ہيں انہيں يہ پيغام ديتا ہے كہ دنيا كى زندگى عارضى زندگى ہے اس پر بھروسہ كرنا بہت بڑے خسارے كا سبب ہوگا، الله رب العز ت كا فرمان ہے: {قُلْ مَتَاعُ الدُّنْيَا قَلِيلٌ وَالْآخِرَةُ خَيْرٌ لِمَنِ اتَّقَى} [النساء: ٧٧] كہ دنيا كى زندگى تھوڑى ہے اور آخرت اس شخص كے ليے بہتر ہے جس نے تقوى اختيار كيا۔
حضرت الاستاذ کی وفات نے قلب کو مضطرب اور دل کو غمگین کردیا، اور آنکھیں اشکبار ہوگئیں۔
گذشتہ تین ماہ کے دورانیے میں دارالعلوم دیوبند کے چوٹی کے تین استاذ رخصت ہوئے تھے اب یہ چوتھا حادثہ ہے۔
حضرت الاستاذ نے ايک قابل رشک زندگى گزارى، وه پورى زندگى درس وتدريس سے وابستہ رہے، تقريبا نصف صدى تک اپنے علم وادب كے فيضان سے ایک جہان كو سيراب كرتے رہے۔ 

 *پیدائش اور ابتدائی تعلیم:* 
حضرت مولانا کی ولادت ضلع مرادآباد كے قصبہ سنبھل میں ٤/ جنوری ١٩٥٠ء /١٣٧٠ھ كو ہوئی۔ اب تو سنبھل بھی ضلع بن گیا ہے، اس وقت ایک قصبہ تھا۔
آپ کے والد صاحب کا نام نصیر احمد تھا، جو نہایت متقی، خوش اطوار، خوش اخلاق، خوش مزاج، رقیق القلب، انتہائی متواضع، سادگی پسند اور تمکنت سے خالی انسان تھے، اور خوس گو شاعر بھی تھے، انہیں اوصاف حمیدہ واخلاق عالیہ کے ساتھ آپ کی پرورش کی، جس کا اثر پوری زندگی آپ کی شخصیت میں نمایاں تھا۔
آپ کی ابتدائی تعلیم سرائے ترین محلہ کے مدرسہ وحید المدارس سے شروع ہوئی، جہاں حضرت مفتی آفتاب علی صاحب رحمہ اللہ کا علمی فیضان جاری تھا، اس کے کچھ دنوں بعد جب حضرت مفتی صاحب مدرسہ شمس العلوم منتقل ہوگئے تو آپ بھی ان کے ساتھ وہاں چلے گئے، اور وہیں حفظ قرآن کریم کیا اور پھر عربی کی تعلیم شروع کی اور شرح جامی تک وہاں تعلیم حاصل کی۔

شرح جامی تک تعلیم مكمل كرنے كے بعد آپ نے ازهر هند دارالعلوم ديوبند كے ليے رخت سفر باندھا، اور شوال ١٣٨٨ھ (دسمبر ١٩٦٩ء) میں دارالعلوم دیوبند میں داخل ہوئے، چار سال رہ کر اپنی علمی تشنگی کی سیرابی کا خوب سامان کیا، دارالعلوم کے ذہین اور ممتاز طلباء میں آپ کا شمار تھا، وہاں پر حضرت مولانا وحید الزماں صاحب کیرانوی سے بھی خاص استفادہ کیا، اس دوران مختلف اساتذہ کرام کے سامنے زانوئے تلمذ تہ کیا، جن میں حضرت مولانا نصیر احمد خان صاحب اور حضرت مولانا سالم صاحب رحمہا اللہ کی شخصیت شامل ہے، آپ كے دوره حديث كے اساتذه ميں شیخ الحدیث حضرت مولانا فخرالدین صاحب  مرادآبادى رحمہ اللہ تھے جو بخاری شریف پڑھاتے تھے،  جن كے درس بخارى كى ايک زمانے تک شہرت رہى ہے، مگر حضرت زندگى كے آخرى مرحلے ميں تھے اور *باب کیف کان بدء الوحی* پڑھا کر وطن گئے اور پھر واپس نہیں آسكے، اور انتقال ہوگيا۔ حضرت مولانا فخر الحسن صاحب ترمذی اور مولانا شریف حسن صاحب ديوبندى مسلم شریف پڑھاتے تھے، ان دونوں بزرگوں میں سے ایک کو بخاری شریف پڑھانی تھی مگر شوری کے فیصلے تک قرعۂ فال حکیم الاسلام حضرت قاری محمد طیب صاحب مہتمم دارالعلوم دیوبند کے نام نکلا۔ یہ آپ کی اور آپ کے رفقاء کی خوش نصیبی تھی کہ حضرت قاری صاحب سے بخاری شریف پڑھنے کا موقع ملا،  حضرت حكيم الاسلام رحمه الله نے بخاری شریف اس انداز سے پڑھاتے تھے کہ تمام طلبہ عش عش کرتے تھے۔  ان کے درس میں بیٹھنے والا ہر طالب علم بتا سکتا ہے کہ حکیم الاسلام لقب کا حق دار واقعی انہیں کی ذات گرامی تھی۔ حضرت مولانا فخرالحسن صاحب استاذ الاساتذہ تھے ان کا درس کسی زمانے میں بہت مشہور تھا، اس وقت ترمذی شریف میں معرکۃ الآرا مسائل پڑھانے کے بعد ایک خاص انداز میں آستین چڑھاتے ہوئے فرمایا کرتے تھے، من ادعى غیر ذالک فعلیه البیان، طلبہ جھوم اٹھتے تھے۔ لیکن عمر کی زیادتی اور نقاہت و نسیان کی وجہ سے بجائے ان کے حضرت مولانا شریف حسن صاحب ديوبندى رح کو بخاری شریف ملی اور آپ نے واقعی  اس كا حق ادا کر دیا۔ آپ نے جلد ثانی فقيہ الامت حضرت مفتی محمود حسن صاحب  گنگوہى رحمہ اللہ سے پڑھى ۔ اور ديگر اساتذه فن سے حديث كى كتابيں پڑھ كر شعبان ١٣٩٢ھ (ستمبر ١٩٧٢ء)میں دورۂ حدیث سے فراغت حاصل کی۔
اسی طرح حضرت مولانا سید انظر شاہ کشمیری رحمہ اللہ سے سنن ابن ماجہ پڑھی تھی۔
اس کے بعد ایک سال تکمیل ادب میں داخل ہوکر حضرت مولانا وحید الزمان صاحب کیرانوی رحمہ اللہ سے خصوصی استفادہ کیا۔ دوران درس اکثر حضرت کیرانوی کے واقعات آپ سناتے تھے۔

آپ كے رفقائے درس میں مولانا نثار احمد صاحب قاسمی بستوی، مولانا بدر الحسن صاحب دربھنگوی ، مولانا احمد سجاد قاسمی صاحب ابن حضرت مفتی ظفیر الدین صاحب مفتاحی، مولانا عبد الرب صاحب اعظمی ( موجودہ صدر جمعیة علماء یوپی)، مولانا عتیق احمد بستوی  استاذ دارالعلوم ندوة العلماء لكھنؤ، مولانا فضل حق خيرآبادى،  مولانا ابو العاص بستوی، مولانا فضل احمد دربھنگوی، مولانا ڈاکٹر نسیم احمد نیپالی، مولانا عبد المعبود دربھنگوی، مولانا عرشی بستوی اور مولانا محمد عثمان اعظمی پوره معروف (جو اس وقت آسام كے كسى مدرسے ميں شيخ الحديث ہيں) وغیرہ تھے۔

 *تدریسی خدمات:* 
دارالعلوم سے فراغت کے بعد شوال ١٣٩٣ھ سے زندگى كى آخرى سانس تک لاک ڈاون سے پہلے تک بغیر کسی انقطاع کے تدریسی خدمات انجام دى۔ فراغت کے بعد ١٩٧٣ء سے چھ سال تک مدرسہ خادم الاسلام ہاپوڑ میں تدریسی خدمات انجام دیں۔ اس کے بعد ١٩٧٩ء میں جامع الہدی مرادآباد تشریف لائے، جہاں تقریبا تین سال تک درس دیا، اور آخر میں ١٩٨٢ء میں دارالعلوم دیوبند تشریف آوری ہوئی، جہاں پورے زور وشور کے ساتھ آپ کے علوم ومعارف کا فیضان جاری وساری رہا، ٢٠٠٨ء ١٤٢٩ھ میں آپ کو دارالعلوم دیوبند کا نائب مہتمم بنایا گیا، جس پر اخیر تک آپ قائم رہے۔
آپ نے اس دوران مختلف کتابوں کا درس دیا، آخر میں سنن ابن ماجہ اور ہدایہ وغیرہ آپ سے متعلق تھیں، میں جس سال دارالعلوم دیوبند میں داخل ہوا تو حضرت کا ہفتم ثالثہ میں گھنٹہ تھا، اس سال آپ سے استفادہ کا موقع نہیں ملا۔ لیکن جب ١٤٢٣ھ میں تکمیل ادب میں داخل ہوا تو اس سال طلبہ کی تعداد زیادہ تھی جس کی وجہ سے دو ترتیب بن گئی، آپ ہماری ترتیب میں انشاء کی مشق کراتے تھے، اس دوران مختلف اخبارات کا ترجمہ کراتے اور اس طرح رہنمائی فرماتے کہ کند ذہن طالب علم بھی لکھنے پر قادر ہوجاتا۔

حضرت مولانا كو درس نظامى كى كتابوں پر مكمل عبور تھا جس كتاب كا بھى درس آپ سے متعلق ہوتا آپ اس كا حق ادا كرديتے، يہى وجہ تھى آپ كے درس كو طلبہ كے درميان مقبوليت حاصل تھى۔
اس عرصہ میں نہ جانے کتنے مس خام آپ کی نگاہِ کیمیا اثر کے فیض سے کندن بن چکے ہوں گے۔ آپ کے تلامذہ کی فہرست بہت طویل ہے، دارالعلوم دیوبند میں تقریبا انتالیس سال کے عرصہ میں بہت سے ایسے طلبہ آپ سے استفادہ کرکے نکلے جو آج اپنے اپنے علاقوں میں کامیاب مدرس ہیں۔

 آپ بہت عمده لكھتے تھے، آپ كى تحريريں صاف، شستہ اور ادب كا شاہكار ہوتى تھيں، جس كا اندازه مختلف كتابوں پر لكھے گئے مقدمات وتقریظات سے ہوتا ہے، نیز آپ کے محاضرات جو رد مودودیت پر ہیں اس کو دیکھ کر اندازہ لگایا جاسکتا ہے، آپ ایک بہترین مترجم بھی تھے، فتاوی عالمگیری کے جزء پندرہ کتاب الایمان کا ترجمہ آپ نے کیا، اسی طرح عبد الحمید زندانی یمنی کی کتاب التوحید کا بھی آپ نے ترجمہ کیا ہے۔

آپ بہت سى خوبيوں كے حامل تھے، پورى زندگى درس وتدريس سے وابستگى كے ساتھ علاقے ميں رشد وہدايت كا عمل بھى جارى تھا اور اس کے لیے مختلف جلسوں ميں شرکت فرماتے تھے، آپ نے ملک کے طول و عرض میں پھیلے مختلف مدارس کے اصلاحی جلسوں میں شرکت فرمائی اور آپ کی تقریریں بہت پسند کی جاتی تھیں۔
اس کے علاوہ طلبہ مدارس کی انجمن کے جلسوں میں بطور خاص آپ کو مدعو کیا جاتا جس سے طلبہ بہت مستفید ہوتے تھے۔
 ٢٠٠٦ء کے بعد سے جب بھی دیوبند جانا ہوتا تو کوشش ہوتی کہ آپ سے ملاقات ہوجائے، آپ اپنے شاگردوں سے بہت محبت فرماتے تھے، اگر راہ چلتے بھی ملاقات ہوجاتی تو رک کر تفصیلی احوال معلوم کرتے۔ مجھ سے ایک ملاقات میں تفصیل سے حالات معلوم کیے، کیا کرتے ہیں اور کونسی کتابیں پڑھاتے ہیں یہ سب معلوم کرتے اور مفید مشوروں سے نوازتے۔

آپ كچھ عرصہ سے مختلف بيماريوں اور عوارض میں مبتلا تھے، دوا علاج جارى تھا كبھى افاقہ ہوجاتا، كبھى مرض ميں شدت آجاتى، كچھ دنوں قبل  تھوڑا بہت افاقہ بھى ہوگيا تھا اور طبيعت ہشاش بشاش ہوگئى تھى، کل شام کو اچانک معلوم ہوا کہ طبیعت زیادہ خراب ہے اور مظفر نگر لے جایا جارہا ہے، علاج کی ہر ممکن کوشش کی گئی مگر وقت موعود آپہنچا تھا بالآخر ٣٠/جولائی ٢٠٢١ء كو دن ميں بعد نماز جمعہ جان جاں آفريں كے سپرد كردى، رحمه الله رحمة واسعة
اور اپنے پيچھے ہزاروں شاگردوں اور چاہنے والوں كو روتا بلكتا چھوڑ كر چلے گئے جو آپ كے ليے صدقہ جاريہ ہیں، قيامت تک اس كا ثواب آپ كو پہنچتا رہے گا۔ 
الله تعالى آپ كے درجات بلند فرمائے اور جنت الفردوس ميں اعلى مقام عطا فرمائے۔ اور پسماندگان ومنتسبین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور دارالعلوم دیوبند کو نعم البدل عطا فرمائے۔