*آہ حضرت مولانا نذر الحفیظ صاحب ندوی ازہری بھی نہیں رہے*

*آہ حضرت مولانا نذر الحفیظ صاحب ندوی ازہری بھی نہیں رہے*

*تحریر:مولانا قمرالزماں ندوی پرتاپ گڑھی*
               میرے جیسے ہزاروں کے مربی ،مشیر اور استاد دار العلوم ندوة العلماء لکھنؤ میں شعبہ عربی کے صدر ، حضرت مولانا علی میاں ندوی رح کے فیض یافتہ و تربیت یافتہ ارباب ندوہ کے معتمد اور مغربی میڈیا جیسی شہرئہ آفاق کتاب کے مصنف جناب مولانا نذر الحفیظ صاحب ندوی ازہری آج 28/مئی 2021ء  عین  جمعہ سے قبل اللہ کو پیارے ہوگئے اللہ تعالٰی حضرت کی بال بال مغفرت فرمائے اور جنت الفردوس میں اعلی مقام نصیب فرمائے آمین 
آپ کا تعلق سرزمین بہار کے ضلع مدھوبنی کے مردم خیز قصبہ ململ سے تھا ۔آپ کے والد ماجد مولانا محمد احمد رح کے مرید اور تربیت یافتہ تھے اور پرتاب گڑھ سیٹی کے مدرسہ میں تعلیمی خدمت انجام دیتے تھے ۔مولانا نذر الحفیظ صاحب کا تعلق مولانا پرتاپ گڑھی سے  بچپن سے تھا ۔مولانا کی پیدائش 1939ء میں ململ میں ہوئی اور ابتدائی تعلیم اور حفظ کی تعلیم پرتاپ گڑھ سیٹی میں ہوئی ۔پھر ندوہ میں اعلی تعلیم کے لیے داخل ہوئے اور 1962ء میں فضیلت کی ڈگری لی اور ندوہ ہی میں بحیثیت استاد ثانویہ آپ کی تقرری ہوئی ۔کچھ سالوں کے بعد حضرت مولانا علی میاں ندوی رح کی ایماء پر ازہر شریف مصر اعلی تعلیم کے لیے گئے اور 1982ء تک وہاں قیام رہا ،علوم شرعیہ میں مہارت حاصل کی اور انعام و توصیف سے بھی نوازے گئے ۔واپس آکر پھر ندوہ میں تدریسی خدمت میں پوری دلجمعی کے ساتھ لگ گئے اور ہزاروں شاگرد تیار کئے ۔ مولانا نذر الحفیظ صاحب ندوی میرے ضابطے کے استاد نہیں تھے ، سوء اتفاق کے میرے سیکشن میں ان کے گھنٹے نہیں رہے، لیکن وہ میرے محبوب مربی اتالیق اور مشیر تھے ،میری تحریر کے قدر دانوں میں تھے ہمت افزائی کرتے تھے ،مجھے بہت عزیز رکھتے تھے ۔کوئی اہم بات ہوتی یا کوئی واقعہ ندوہ میں پیش آتا تو فون کر دیتے تھے ،میں شرم سے پانی پانی ہو جاتا اور معذرت کرنے لگتا یہ ان کا بڑا پن اور اعلیٰ ظرفی تھی ۔وہ میری زود نویسی اور مستقل مزاجی کی تعریف کرتے اور دوسروں سے  بھی تذکرہ کرتے ۔ان کی اچانک انتقال کی خبر سن کر طبیعت پر بہت اثر ہے ۔یہ چند تعزیتی جملے لکھ کر کچھ غم ہلکا کر رہا ہوں ۔تفصیلی مضمون کل تک لکھوں گا اور ان کی باتوں اور یادوں کا تذکرہ کروں گا ،سارے قارئین باتمکین سے درخواست ہے کہ حضرت مرحوم کے لیے خصوصی دعاء مغفرت کریں ۔اور ان کے نام ایصال ثواب کریں ۔

28/5/2021