قاری سید عثمان صاحب منصور پوری"رحمۃ اللہ علیہ دارالعلوم دیوبند اور ملت اسلامیہ کی ضرورت تھے.... مفتی محمد اسماعیل صاحب قاسمی

قاری سید عثمان صاحب منصور پوری"رحمۃ اللہ علیہ دارالعلوم دیوبند اور ملت اسلامیہ کی ضرورت تھے.... مفتی محمد اسماعیل صاحب قاسمی 


امیرالہند ،صدر جمعیت علمائے ہند اورمعاون مہتمم دارالعلوم دیوبند مولانا قاری سید عثمان صاحب منصور پوری رحمۃ اللہ علیہ کے سانحہ ارتحال پر مالیگاوں جمعیت علماء کے دونوں حصوں(مولانا ارشدمدنی گروپ و مولانا محمود مدنی گروپ) کے زیر اہتمام مشترکہ طور پر تعزیتی نشست منعقد ہوئی، اس کی نظامت جمعیت علماء سلیمانی چوک کے نائب صدر حافظ انیس اظہر صاحب نے کی اور مجلس کے اغراض بھی آپ ہی نے بیان فرمائے ، قاری زبیر عثمانی صاحب کی پرکیف تلاوت اور پرسوز نعت سے مجلس کا آغاز ہوا ، اس مؤقر مجلس کی صدارت کے لیے رکن شوری دارالعلوم دیوبند و صدر جمعیت علماء مالیگاوں مدنی روڈ مفتی محمد اسماعیل صاحب قاسمی کا اعلان ہوا،نوجوان فاضل دارالعلوم دیوبند مفتی عرفان صاحب قاسمی کے خطاب سے تعزیتی تقاریر کا سلسلہ جاری ہوا، انہوں نے کہا کہ دارالعلوم میں موجود ہوتے ہوئے کبھی سبق کا ناغہ نہیں کیا، سخت بیماری کی حالت میں بھی بشاشت کے ساتھ درس دیتے، جس طرح آپ اپنی روحانی اولاد کی تعلیم وتربیت کی فکر کرتے تھے اسی طرح اپنی حقیقی اولاد کی تربیت کی فکر کی، مولانا عبدالقیوم قاسمی صاحب نے اپنے قلبی تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قاری صاحب رح کا علم بڑا وسیع تھا دارالعلوم میں جو بھی منصب سپرد کیا گیا آپ نے اس کا حق ادا کردیا، مالیگاوں کی طرف آپ کی خصوصی نظر تھی، آپ کے خصوصی شاگرد اور آپ سے والہانہ محبت رکھنے والے مولانا عرفان الدین قاسمی صاحب نے فرمایا کہ قاری صاحب رح کے انتقال کی خبر آپ کے تمام شاگردوں پر بجلی بن کر گری جس سے اب تک کوئی سنبھل نہیں پایا آپ ہر میدان میں فعال رہنے والے زبردست عالم دین تھے، ہم تمام شاگرد خود تعزیت کے مستحق ہیں، دارالعلوم محمدیہ مالیگاوں کے شیخ الحدیث مولانا انیس الرحمن قاسمی صاحب نے فرمایا کہ قاری صاحب رح کے ہمارے درمیان سے رخصت ہونے سے ہمارا دھرا نقصان ہوا ہے ملی و سماجی قیادت کا بھی اور علمی نقصان بھی ہے، بظاہر اس کی بھرپائی مشکل نظر آتی ہے، معاشرتی بگاڑ کے بارے میں فکر مند رہتے تھے اور ساتھ عقائد کے بگاڑ سے متعلق بھی دردمندانہ کیفیت رکھتے تھے، درخت پھل سے پہچانا جاتا ہے قاری صاحب رح کی شخصیت آپ کے صاحبزادگان سے پہچانی جاسکتی ہے،مولانا امتیاز اقبال صاحب نے فرمایا کہ آپ سید نجیب الطرفین تھے، نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم کے اخلاق پر تھے، آپ بہترین منتظم، بہترین معلم و مربی، جید و زبردست صلاحیت رکھنے والے عالم دین تھے، مفتی حامد ظفر صاحب قاسمی نے فرمایا کہ مؤطا امام مالک کا درس جمعہ کے دن دیتے تھے، جبکہ جمعہ کے دن تعلیمی اعتبار سے سستی اور کسل مندی کا وقت ہوتا ہے، بڑے شیریں بیان تھے، قاری کا لقب انکے بلند علمی مقام کی طرف اشارہ کرتا ہے، کسی کو کہنے کی ضرورت نہیں تھی بلکہ آپ رح کی رفتار، گفتار و کردار سے ہی معلوم ہوجاتا تھا آپ خاندان نبوت کے ایک فرد ہیں،صدر جمعیت علماء مالیگاوں سلیمانی چوک مولانا آصف شعبان صاحب نے اپنے پرسوز خیالات کا اظہار کیا، دارالعلوم دیوبند کی خدمت کا شرف اگر کسی کو میسر ہوجائے تو یہ مقبولیت عنداللہ وعندالناس ہونے کی علامت ہے، آپ جمعیت علماء ہند کی بے داغ قیادت فرمائی، اتنی بڑی شخصیت ہونے کے باوجود بڑے ہی منکسر المزاج تھے، آپ  کبھی بھی اپنے ارد گرد ہٹو بچو کا ماحول نہیں بننے دیتے تھے،فرق ضالہ کے رد میں پیش پیش رہنے والی شخصیت مولانا پروفیسر ھلال صاحب نے قاری صاحب رح کے محاسن کا تذکرہ کیا اور اسے رسم نہیں بلکہ دینی عمل قرار دیا، قاری بڑے ہی سادہ مزاج اور بڑے علمی شخصیت تھے، آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے سکریٹری مولانا عمرین محفوظ رحمانی نے قاری صاحب رح سے متعلق اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ امت مسلمہ مزید یتیم ہوتی جارہی ہے، آپ کے مقبول عنداللہ ہونے کی ایک علامت یہ ہے کہ جمعہ کے دن جمعہ کے وقت اللہ کی جوار رحمت میں پہنچے، زمانہ طالب علمی سے ہی بڑے ہی شریف انسان تھے، آپ کی ایک بڑی خصوصیت تھی کہ وہ بے ضرور انسان تھے، عالی نسب تھے اس لیے بڑے ہونے کے باوجود چھوٹے بن کررہے،اخیر میں صدارتی خطاب کرتے ہوئے رکن شوری دارالعلوم دیوبند اور مہاراشٹر اسمبلی کے رکن مفتی محمد اسماعیل صاحب قاسمی مدظلہ نے بڑے جذباتی انداز میں قاری صاحب رح کی شخصیت پر روشنی ڈالی، مفتی محمد اسماعیل صاحب قاسمی نے فرمایا کہ قاری صاحب رح کس پائے کے آدمی تھے یہ تو ان جیسے اوصاف رکھنے والا شخص ہی جان سکتا ہے، آپ نے فرمایا کہ قاری صاحب رح دارالعلوم دیوبند کی ضرورت تھے، ضرورت پر آپ کو دارالعلوم بلایا گیا، اور ابھی بھی دارالعلوم کو آپ کی سخت ضرورت تھی لیکن اللہ کی مشیت کے آگے ہم کچھ نہیں کرسکتے، دارالعلوم دیوبند کے اساتذہ، طلبہ و ملازمین سب آپ سے محبت بھی کرتے تھے اور باز پرس سے خائف بھی رہتے، اتنی زبردست شخصیت کے مالک ہونے کے باوجود ہم جیسے لوگوں کے ساتھ بھی تواضع و عاجزی سے رہتے، آپ کی عادت ہمیشہ مجلس میں متواضعانہ ایک زانو بیٹھتے، مجلس شوری میں آپ کی رائے کی بہت اہمیت دیجاتی تھی، آپ حلیم و بردبار ہونے کے باوجود تعلیم و تربیت کے معاملے میں بہت ہی زیادہ سخت تھے، طلبہ کو سزا بھی دیتے لیکن طلبہ سے زیادہ اپنے بچوں کو سزا دیتے تھے، اخیر میں آبدیدہ ہوکر آپ نے فرمایا کہ دارالعلوم دیوبند سے بڑی شخصیات اٹھتی جارہی ہیں اب انکی جگہ لینے والا بظاہر نظر نہیں آتا لیکن اللہ تعالی عاجز نہیں اور امت بانجھ نہیں، اللہ سب چیز پر قادر ہے، آپ ہی کی رقت انگیز دعا اور مولانا عمران اسجد ندوی سکریٹری جمعیت علماء مالیگاوں مدنی روڈ کے شکریہ پر مجلس کا اختتام ہوا -